05 جولائی ، 2022
کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ لاہور میں جاری ہے جہاں اس وقت گرمی اور حبس کا موسم عروج پر ہے۔
پسینہ ہے کہ خشک ہونے کا نام نہیں لیتا، ایسے میں کھلاڑی بھرپور ٹریننگ جاری رکھے ہو ئے ہیں، گرم اور حبس کے موسم میں کھلاڑیوں کو کئی طرح کی دردوں کی شکایات ہو رہی ہیں اور ٹیم مینجمنٹ نے اس کا حل آئس باتھ کا نکالا ہے تاکہ کھلاڑی کی باڈی جلد از جلد ری کور کر سکے ۔
اس کے لیے ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کے لیے باتھ ٹب منگوا لیے ہیں اور ٹریننگ کے اختتام پر کھلاڑیوں نے ری کوری کے لیے آئس باتھ لینا شروع کر دیا۔
گرم موسم میں پانچ گھنٹوں کی ٹریننگ کے بعد ری کوری کی ضرورت ہے:آسٹریلوی ٹرینر
پاکستان ہاکی ٹیم کے آسٹریلوی ٹرینر ڈینیئل بیری کا کہنا ہے کہ آج کل گرمی بہت ہے ، کھلاڑیوں کی فٹنس اولین ترجیح ہے ، گرم موسم میں پانچ گھنٹوں کی ٹریننگ کے بعد ری کوری کی ضرورت ہے ، کھلاڑی مختلف نوعیت کی درد کی شکایت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آئس باتھ سے کھلاڑیوں کی ٹریٹمنٹ کا فیصلہ کیا ہے ، ہمیں امید ہے کہ اس سے بہتری آئے گی اور کھلاڑی ریلیکس ہوں گے۔
'آئس با تھ کا تجربہ شاندار رہا ، لطف اندوز بھی ہو ئے'
قومی کھلاڑی رانا وحید کا کہنا ہے کہ سخت گرم اور حبس والا موسم ہے ، ٹریننگ آسان نہیں ہے سخت ٹریننگ کے بعد آئس باتھ ری کوری کے لیے ضروری ہے ، آئس با تھ کا تجربہ شاندار رہا ، لطف اندوز بھی ہو ئے۔
قومی کھلاڑی اظفر یعقوب کا کہنا ہے کہ گرم موسم میں آئس باتھ کی بہت ضرورت تھی ، مینجمنٹ کے شکر گزار ہیں ، آئس باتھ سے تھکاوٹ ختم ہو جاتی ہے ، باڈی مسلز بحال ہوجاتے ہیں ، آئس باتھ سے ہمیں اگلا ٹریننگ سیشن کرنے میں آسانی ہو تی ہے۔