12 جولائی ، 2022
لاہور : صوبائی وزیر قانون ملک احمد خان نے بھی اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ملک احمد خان کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک احمد خان نے ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے استعفیٰ دیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ملک احمد خان جنوبی پنجاب میں ن لیگ کی انتخابی مہم کی نگرانی کریں گے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر ایاز صادق اور صوبائی وزیر سلمان رفیق بھی وزارتوں سے استعفے دے چکے ہیں۔
خیال رہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن 17 جولائی کو ہوں گے جس کیلئے تحریک انصاف اور ن لیگ نے بھرپور انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے۔ ن لیگ کی انتخابی مہم کی قیادت مریم نواز جبکہ تحریک انصاف کی عمران خان خود کر رہے ہیں۔
یہ نشستیں پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔