دنیا
Time 15 جولائی ، 2022

بھارت میں منکی پاکس کے پہلے کیس کی تصدیق

منکی پاکس وائرس خوردبین میں ایسا نظر آتا ہے /  رائٹرز فوٹو
منکی پاکس وائرس خوردبین میں ایسا نظر آتا ہے /  رائٹرز فوٹو

بھارت میں منکی پاکس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔

حکام نے منکی پاکس کے پہلے کیس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مرض ایک 35 سالہ شخص میں سامنے آیا ہے۔

یہ مریض ریاست کیرالہ سے تعلق رکھتا ہے اور حال ہی میں متحدہ عرب امارات سے واپس آیا تھا۔

کیرالہ کی ریاستی وزیر صحت وینا جارج نے بتایا کہ مریض کی حالت مستحکم ہے اور اسے ہسپتال میں آئسولیٹ کیا گیا ہے۔

پہلے کیس کی تصدیق کے بعد کیرالہ کے تمام اضلاع میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور مریض سے رابطے میں رہنے والے افراد کو بھی آئسولیٹ کیا جارہا ہے۔

اس سے قبل 14 جولائی کو سعودی عرب میں بھی منکی پاکس کے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی تھی۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق دارالحکومت ریاض میں بیرون ملک سے آنے والے شخص میں منکی پاکس کی تشخیص ہوئی۔

حکام کے مطابق متاثرہ شخص فی الحال طبی نگرانی میں ہے۔

سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کے ساتھ رابطے میں رہنے والوں کے بھی ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے تمام افراد کی رپورٹ منفی آئی ہے۔

خیال رہے کہ یہ بیماری عموماً جان لیوا نہیں ہوتی اور اس کا آغاز بخار، مسلز میں تکلیف، لمفی نوڈز کی سوجن، کپکپی، تھکاوٹ اور ہاتھوں و منہ میں چکن پاکس جیسی خارش کی علامات سے ہوتا ہے۔

یہ وائرس کسی متاثرہ فرد سے جلد کے مردہ خلیات کے جھڑنے اور منہ و ناک سے خارج ہونے والے ذرات کے ذریعے دوسرے فرد میں اسی وقت منتقل ہوجاتا ہے جب وہ بہت زیادہ قریب رہے ہوں ، یا ایک ہی تولیہ اور بستر استعمال کررہے ہوں۔

مزید خبریں :