Time 20 جولائی ، 2022
پاکستان

توہین عدالت کی درخواست: رانا ثنا کے بیان کا ٹرانسکرپٹ جمع، کل دوبارہ سماعت ہوگی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

رانا ثنا اللہ کے خلاف چوہدری پرویز  الہٰی کی توہین عدالت کی درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہوگئی۔

سپریم کورٹ میں چوہدری پرویز الہٰی کی وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے رانا ثنا اللہ کے بیان کی اخباری خبر اور ٹی وی ٹاک شوکا ٹرانسکرپٹ طلب کرلیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ بابر اعوان صاحب آپ کس کے وکیل ہیں؟ کاز لسٹ میں تو آپ کا نام ہی نہیں ہے جس پر بابر اعوان نے کہا کہ مرکزی کیس میں سبطین خان کا وکیل تھا، اسی کیس کے حکم کی توہین پر پیش ہوا ہوں۔

جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ توہین عدالت کہاں ہوئی اور کس چیز پر ہوئی؟ ضمنی الیکشن تو ہو گیا اب آپ کا کیا مدعا ہے؟ بابر اعوان نےکہا کہ رانا ثنا اللہ نے پریس کو بیان میں صوبائی اسمبلی کے ممبران کے غائب ہونے کی دھمکی دی۔

جسٹس اعجاز الاحسن نےکہا کہ پنجاب اسمبلی کے ممبران غائب کرنےکا کیا مطلب ہے؟ جسٹس منیب اختر نےکہا کہ کون سے الفاظ توہین عدالت کے زمرے میں آتے ہیں؟ درخواست کے ساتھ بیان بھی لگا کر لائیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ٹرانسکرپٹ جمع کرانے کے بعد کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا، جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کل سماعت کرےگا۔

مزید خبریں :