20 جولائی ، 2022
پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے انتخاب کیلئے حکومت اور اپوزیشن نے اپنے اپنے ارکان اسمبلی کو ہوٹلوں میں ٹھہرایا ہے۔
حکومتی ارکان اور اتحادی جماعتوں کے ارکان کو ائیرپورٹ کے قریب ہوٹل میں ٹھہرایا گیا ہے جبکہ ہوٹل میں مسلم لیگ ن اوراتحادی ارکان کیلئے 180 کمرے بک کرائے گئے ہیں۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 160 حکومتی ارکان پنجاب اسمبلی اب تک ہوٹل میں پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعت تحریک انصاف اور ق لیگ کے ارکان کیلئے مال روڈ پر واقع ہوٹل میں کمرے بک کرائے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی اور ق لیگ ارکان پنجاب اسمبلی اور پارٹی رہنماؤں کیلئے 200 کمرے بل کرائے گئے ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے 154 ارکان پنجاب اسمبلی ہوٹل میں اپنے کمروں میں پہنچ چکے جبکہ باقی ارکان اسمبلی بھی جلد اپنے شہروں سے ہوٹل پہنچ جائیں گے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر 22 جولائی کو وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہوگا اور پی ٹی آئی کی جانب سے پرویز الٰہی اور ن لیگ کے حمزہ شہباز وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔
ن لیگ اور پی ٹی آئی کی جانب سے ایک دوسرے کے ارکان خریدنے کا الزام لگایا جا رہا ہے کہ جبکہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے اپنی ہی جماعت کے رکن پنجاب اسمبلی مسعود مجید پر 40 کروڑ روپے لیکر بیرون ملک جانے کا الزام عائد کیا ہے۔