29 جولائی ، 2022
پاک امریکا دو طرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے اسٹریٹجک رفارمز یونٹ کے سربراہ سلمان صوفی کی امریکی عہدیداران سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان صوفی کی ملاقات امریکی نیشنل سکیورٹی کے عہدیداران سے ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات،تجارت کے فروغ، افغان صورتحال اور پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی پر گفتگو ہوئی۔
سلمان صوفی کا کہنا ہے کہ امریکا کی طرف سے مثبت ردعمل دیا گیا اور پی آئی اے پروازوں کو بحال کرنے کے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ امریکا نے اپنے متعلقہ اداروں کو بھی اس حوالے سے ہدایات دینےکا کہا ہے۔
سلمان صوفی کے مطابق امریکا نے پاکستان سےبراہ راست پروازیں شروع کرنے پر رضامندی ظاہرکی ہے، براہ راست پروازوں سے متعلق وفاقی وزیر سعد رفیق گزشتہ کئی ماہ سے کام کر رہے ہیں اور اب امید ہے اس سے متعلق تمام تیاریاں 6 سے 9 ماہ میں مکمل ہوجائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم امریکا سے کارگو کی بھی اجازت مانگ رہےہیں، اس کے علاوہ ہم نے امریکی محکمہ زراعت سے کہا ہے کہ اپنا ایک نمائندہ کراچی میں تعینات کریں، اس سے تمام برآمدات کا معائنہ کراچی میں ہی ہوگا جبکہ ہمارے تاجروں کا وقت اور پیسہ بچے گا۔
سلمان صوفی نے بتایا کہ ملاقات میں افغانستان سے متعلق وزیراعظم کی پالیسیوں سے بھی امریکی حکام کو آگاہ کیا گیا۔نئی ٹرانزٹ ویزا پالیسی کی امریکی حکام نے تعریف کی۔