02 اگست ، 2022
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہونے کے کچھ دیر بعد ہی بحال کردیا گیا۔
ڈی ایم ڈبلیو(ڈیجیٹل میڈیا ونگ) کے جنرل مینیجر عمران غزالی نے ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم عمران خان کے انسٹا اکاؤنٹ ہیک ہوجانے کی خبروں کی تصدیق کی اور لکھا کہ عمران خان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہوگیا تھا جس کی بحالی کے لیے وہ میٹا کے ساتھ کام کررہے ہیں۔
کچھ ہی دیر بعد عمران غزالی نے بذریعہ ٹوئٹر عمران خان کا اکاؤنٹ بحال ہونے کی تصدیق کی۔
جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے عمران غزالی نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا انسٹاگرام کے علاوہ ٹوئٹر اور فیس بک اکاؤنٹ ہیک نہیں کیا گیا جب کہ ہیک کیے گئے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو بھی 15 منٹ میں بحال کردیا گیا تھا۔
اکاؤنٹ کو ہیک کیے جانے کے دوران عمران خان کے اکاؤنٹ سے ایلون مسک سے متعلق ایک پوسٹ اور اسٹوری شیئر کی گئی تھی جو کہ اکاؤنٹ بحال ہوتے ہی ڈیلیٹ کردی گئی۔
سابق وزیراعظم عمران خان سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز ٹوئٹر ، انسٹاگرام اور فیس بک پر خاصے فعال رہتے ہیں جب کہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ان کے فالوورز کی تعداد 7 ملین سے زائد ہے۔