Time 02 اگست ، 2022
پاکستان

جاوید اقبال کو لاپتا افراد کمیشن کی سربراہی سے ہٹانے کی سفارشات معطل

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سابق چیئرمین نیب کے خلاف تادیبی کارروائی سے بھی روک دیا/ فائل فوٹو
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سابق چیئرمین نیب کے خلاف تادیبی کارروائی سے بھی روک دیا/ فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کو لاپتا افراد کمیشن کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کی سفارش معطل کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر احکامات جاری کیے اور جسٹس (ر) جاوید اقبال کو لاپتا افراد کمیشن کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سفارش کو معطل کردیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نےجاوید اقبال کو لاپتا افراد کمیشن کی سربراہی سے ہٹانےکےلیےخط لکھنے کا فیصلہ کیا جس میں جاوید اقبال کو کمیشن کے چیئرمین کے  عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی۔

اس پر جسٹس عامر فاروق  نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اختیارات کا معاملہ دیگردو درخواستوں میں بھی اٹھایا گیا ہے، اس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل راشد کیانی نے کہا کہ یہ معاملہ اب پی اے سی سے انکوائری کمیشن میں چلا گیا ہے۔

بعد  ازاں عدالت نے  پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سفارش کو معطل کرتے ہوئے اس کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیا اور 13 اگست تک جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے فریقین کو سابق چیئرمین نیب کے خلاف تادیبی کارروائی سے بھی روک دیا۔

مزید خبریں :