پاکستان
22 نومبر ، 2012

دھماکے راہ حسین سے نہیں ہٹا سکتے، عزا داری قتل نہیں ہونے دینگے، حامد موسوی

دھماکے راہ حسین سے نہیں ہٹا سکتے، عزا داری قتل نہیں ہونے دینگے، حامد موسوی

راولپنڈی …ڈھوک سیداں راولپنڈی کینٹ کے جلوس عزا میں خود کش بم دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے عزاداروں کی اجتماعی نماز جنازہ قصر شبیر میں ادا کردی گئی جس میں ہزاروں عزاداران امام حسین  اور شیعہ سنی برادران نے شرکت کی ۔نماز جنازہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے نمائندہ خصوصی علامہ محسن علی ہمدانی کی اقتدا میں ادا کی گئی ۔ایک اہلسنت عزادارمحمد ندیم کے ساتھ 16جنازے ایک ساتھ اٹھنے پر رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے اس موقع پر پولیس انتظامیہ کے علاوہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اور اس کی ذیلی تنظیموں ایم ایف پی ،ابراہیم اسکاوٴٹس ،مختارا سٹو ڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکنان نے خصوصی انتظامات کررکھے تھے ۔خودکش بمبار کو روکنے والے ابراہیم اسکاوٴٹس کے کارکن راحیل عباس کی یاد میں ابراہیم اسکاوٴٹس کے کارکنان گرجا روڈ سے بہت بڑا ماتمی جلوس لے کر آئے جس میں تبرکات اور تعزیے شامل تھے ۔جنازے کے شرکاء اور شہداء کے لواحقین نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق شہداء کی رسومات تعزیت فرزند رسول امام حسین علیہ السلام کے سوگ کے اختتام8ربیع الاول کے بعد ادا کرنے کا اعلان کیا ۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ترجمان علامہ قمر حیدر زیدی نے کہا کہ حسینی راہ پر چلتے ہوئے جبر کو صبر سے ہی شکست دی جاسکتی ہے یہی وجہ ہے کہ اتنی بڑی دہشت گردی کے باوجود تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے کارکنوں نے کسی کو ایک تنکا تک ہلانے نہیں دیا کیونکہ جلاوٴ گھیراوٴ دنگا فساد دہشت گردوں کا ایجنڈا ہے جبکہ اس وطن کا ذرہ ذرہ ہمیں جان سے پیار اہے ،مرکزی و صوبائی حکومت دہشت گردوں کو محترم نہ بنائیں ۔اس موقع پر انہوں نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کا پیغام پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے سانحہ قصر شبیر ڈھوک سیداں بم دھماکے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے اور دہشت گردی ہمیں راہ حسینیت سے نہیں ہٹا سکتے ہمیں اپنا قتل ہونا گوارا ہے عزاداری کو قتل نہیں ہونے دیں گے، محرم سے پہلے دہشتگردوں کو جیلوں سے رہا کرنا سوالیہ نشان ہے۔کوئٹہ کراچی اور راولپنڈی کے سانحات سے ثابت ہو گیا کہ حکمرانوں نے محض خوف و ہراس پھیلانے پر ہی اکتفا کیا اور ان سانحات نے حکومتی انتظامات کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے ۔انہوں نے عزاداروں سے اپیل کی کہ عزاداری کو ہر شے پر ترجیح دیں مجا لس جلوسوں کے حفاظتی انتظامات خود کریں ۔اس موقع پر قصر شبیر کے متولی اور ٹی این ایف جے کے ضلعی جنرل سیکرٹری سید مظلوم حسین کاظمی ،ٹی این ایف جے پنجاب کے صدر علامہ حسین مقدسی ، علامہ ابو الحسن تقی ، چوہدی ابو بیدار علی ،علامہ زاہد عباس کاظمی ،شوکت عباس جعفری ،قاسم الحسینی ذاکر ساجد حسین رکن اورذاکر غلام رضا چک دینال نے بھی خطاب کیا۔


مزید خبریں :