پاکستان
23 نومبر ، 2012

ملک بھر کے 49 شہروں میں 2 دن کیلئے موبائل فون سروس بند کرنیکا فیصلہ

ملک بھر کے 49 شہروں میں 2 دن کیلئے موبائل فون سروس بند کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد … پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر کے مختلف شہروں سمیت گلگت بلتستان میں 9 اور 10 محرم الحرام کو موبائل فون سروس بند کرنے کا اعلان کردیا گیا، وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی سی ایل وی فون بھی بند کردیا گیا ہے، ملک میں پہلے ہی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے، لوگ آج سے 10 محرم تک گھروں سے موٹر سائیکل نہ نکالیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے بتایا کہ ملک بھر کے 49 شہروں میں 9 اور 10 محرم الحرام کو موبائل سروس بند رہے گی، پنجاب کے 14 شہروں لاہور، ملتان، سرگودھا، اٹک، راولپنڈی، جھنگ، رحیم یار خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، بھکر، پاکپتن، ننکانہ صاحب، ڈی جی خان اور مظفرگڑھ میں موبائل فون سروس بند رہے گی، سندھ میں کراچی، حیدر آباد، خیرپور، سکھر اور لاڑکانہ جبکہ آزاد کشمیر میں مظفر آباد، کوٹلی، نیلم، راولا کوٹ اور میرپور میں بھی موبائل فون بند رہیں گے۔ رحمان ملک نے بتایا کہ بلوچستان کے 10 شہروں اور خیبرپختونخوا کے 11 شہروں میں بھی موبائل فون سروس بند رہے گی ان میں کوئٹہ، قلات، خضدار، تربت، گوادر، پنجگور، مستونگ، کوہلو، ڈیرہ بگٹی اور حب، جبکہ کوہاٹ، استرزئی، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، نوشہرہ، ہری پور، چار سدہ اور مردان، ہنگو اور پارا چنار شامل ہیں جبکہ میرانشاہ میں لینڈ لائن بھی بند رہیں گی۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ گلگت میں بھی موبائل سروس 9 اور 10 محرم کو بند ہوگی جبکہ اسلام آباد کے سیکٹر جی 6 اور 9 میں بھی موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رحمان ملک نے بتایا کہ موبائل سروس 9 کی صبح 6 سے 10 محرم کی رات 10 بجے تک بند ہوگی جبکہ پی ٹی سی ایل وی فون بھی اس عرصے میں بند رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صبح 6 سے 10 بجے تک ہاکرز اخبار ڈالنے کیلئے موٹر سائیکل چلاسکتے ہیں تاہم انہیں سروس کارڈز اور دیگر کاغذات ساتھ رکھنے ضروری ہوں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں پہلے ہی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے، تاہم لوگوں سے کہتا ہوں کہ آج سے 10 محرم تک وہ گھروں سے موٹر سائیکل نہ نکالیں اور پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکیم اللہ محسود منظر سے غائب ہیں، لگتا ہے وہ بیمار ہیں یا حملے کے بعد زخمی ہوئے ہیں، کالعدم تحریک طالبان میں پھوٹ پڑچکی، معاویہ اور ولی اللہ رحمان کی لگی ہوئی ہے۔ رحمان ملک نے کہا کہ محرم الحرام آرام سے گزر جائے، حکومت سے 2 دن کی چھٹی لوں گا۔

مزید خبریں :