Time 27 اگست ، 2022
کھیل

ویڈیو: کرکٹ کو دلچسپ بنائے رکھنے کیلئے بابر جیسے پلیئرز کا ہونا ضروری ہے: کوہلی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹر ویرات کوہلی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر کو کھیلتا دیکھ بہت لطف آتا ہے، کرکٹ کو دلچسپ بنائے رکھنے کیلئے بابر جیسے پلیئرز کا ہونا ضروری ہے۔

ایک انٹرویو میں ویرات کوہلی نے کہا کہ ان کی بابر اعظم سے پہلی ملاقات 2019 میں مانچسٹر میں ہوئی تھی، عماد وسیم انہیں ملانے کیلئے لائے تھے، اس وقت بابر اعظم مجھ سے کافی احترام اور عاجزی سے ملے تھے اور آج بھی ان کا وہی احترام برقرار ہے۔

کوہلی نے کہا کہ وہ دنیا کے ٹاپ بیٹر بن چکے ہیں، وہ ہر فارمیٹ میں تسلسل سے کھیل رہے ہیں مگر اس کے باوجود بھی ان کے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ان کی تربیت کافی مضبوط ہے۔ ان کی کرکٹ بھی کافی اچھی ہے۔

بھارتی کرکٹر نے مزید کہا کہ بابر اعظم جیسے پلیئرز بہت ترقی کرتے ہیں اور کافی لوگوں کیلئے متاثر کن ہوتے ہیں اور بابر کے ساتھ بھی ایسا ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ان کی بابر اعظم سے ملاقات ہوئی تھی جس میں انہوں نے بابر کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان کو کھیلتا دیکھ کر اچھا لگتا ہے۔

ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ بابر جیسے کرکٹرز کھیل کو دلچسپ بنانے کیلئے کافی ضروری ہیں۔

مزید خبریں :