07 ستمبر ، 2022
مٹیاری میں سیلاب متاثرین کی جھونپڑی میں مچھر وں کےکاٹنےکے باعث بخار میں مبتلا 3 ماہ کی بچی دم توڑ گئی۔
سیلاب نے سندھ کے مشکلات میں گھرے غریب شہریوں کی حالت مزید خراب کردی ہے۔
سیلاب کے بعد جہاں کھانے پینے کی مشکلات ہیں وہیں وبائی امراض کا خطرہ بھی سر پر منڈلا رہا ہے۔
مٹیاری میں سیلاب متاثرین کی جھونپڑی میں مچھر وں کےکاٹنےکے باعث بخار میں مبتلا ایک 3 ماہ کی بچی دم توڑگئی، بچی کے والد کے پاس علاج کے لیے پیسے نہیں تھے اور نہ ہی بچی کی تدفین کے لیے کچھ رقم ہے، علاقے میں مچھروں کی بہتات ہے لیکن مچھروں سے بچنے کے لیے مچھر دانی اور خیمے نہیں۔
بے بس والد کا کہنا تھا کہ تدفین کے لیے پیسے نہیں ، بچی کی لاش جھونپڑی میں ہے ، قبرستان میں بارش کا پانی ہے ، متبادل جگہ پر جانے کے لیےگاڑی کا کرایہ بھی نہیں۔
دوسری جانب خیر پور کے علاقوں کوٹ ڈیجی اور فیض گنج میں بھی گیسٹرو اور ملیریا کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، گیسٹرو میں مبتلا 2 بچے بھی جاں بحق ہوگئے ۔