پاکستان
25 نومبر ، 2012

کراچی میں3 من دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی پکڑی گئی

کراچی میں3 من دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی پکڑی گئی

کراچی …کراچی کے علاقے منگھوپیر میں پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔ کارروائی کے دوران 3 من دھماکا خیز مواد سے بھری کار ، خودکش جیکٹس ، اسلحہ اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔ وزیر داخلہ رحمان ملک کاکہنا ہے کہ اتنا مہلک دھماکا خیز مواد پہلے کبھی نہیں پکڑا گیا۔پولیس کے مطابق حساس ادارے کی اطلاع اور نشاندہی پر منگھوپیر کے علاقے سلطان آباد کوائری کالونی میں چھاپہ مارا گیا ، ایس ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم نے بتایا کہ ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں ایک ملزم مارا گیا اور ایک کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ تین فرار ہوگئے۔ چودھری اسلم کے مطابق جائے وقوعہ سے تین من بارود سے بھری گاڑی قبضے میں لے لی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چار خود کش جیکٹس ، بھاری اسلحہ، ایک کار اور دو موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔ کارروائی کے بعد وفاقی ویر داخلہ رحمان ملک نے ایک بیان میں کہا کہ کراچی میں پکڑا گیا دھماکا خیز مواد اتنا مہلک ہے کہ اس طرح کا مواد پہلے کبھی نہیں پکڑا گیا۔ اس سے ایک کلو میٹر کے رقبے پر تباہی ہوسکتی تھی۔ رحمان ملک کا یہ بھی کہنا ہے کہ مہمند ایجنسی سے کچھ بمبار نکلے ہیں۔ اس وقت لاہور اور راول پنڈی میں خطرہ ہے جس سے چیف سیکریٹری کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :