پاکستان
25 نومبر ، 2012

منگھوپیر میں کارروائی سے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، آئی جی سندھ

منگھوپیر میں کارروائی سے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، آئی جی سندھ

کراچی … سی آئی ڈی پولیس نے منگھوپیر میں کا میاب چھاپہ مارکر بھاری مقدارمیں دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا، سی آئی ڈی کی ٹیم کو کارروائی کے دوران مزاحمت کاسامنا بھی کرنا پڑا جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا، آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔ آئی جی پولیس فیاض لغاری نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ آج صبح سوا 4 بجے سی آئی ڈی کی ٹیم نے چھاپا مارا اور ملزمان کے قبضے سے 2 خودکش جیکٹس بھی ملی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد نے عاشورہ کے جلوس میں شامل ہونا تھا اور ایک بڑی تباہی کا منصوبہ تھا جو سی آئی ڈی نے ناکام بنا دیا اور گورنر سندھ نے کامیاب کارروائی پر 20 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ فیاض لغاری نے مزید بتایا کہ شبہ ہے کہ یہی گروپ عباس ٹاوٴن دھماکے میں بھی ملوث ہے اور اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے جبکہ بعض لوگ کالعدم تحریک طالبان کے نام پر بھتا لیتے ہیں ایسے افراد بھی گرفتار کئے ہیں۔ آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ ابھی نہیں کہا جاسکتا کہ یہ کارروائی لشکر جھنگوی کی ہے، مشکوک علاقوں میں مستقل چھاپے مار رہے ہیں، اللہ کا شکر ہے کہ عاشورہ کا مرکزی جلوس محفوظ رہا۔ فیاض لغاری نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ کراچی میں پولیس کی کمی ہے، کراچی اور لاہور کی پولیس کی تعداد برابر ہے جبکہ ان شہروں کی آبادی میں بہت فرق ہے اور اس سال 7 ہزار 500 پولیس اہلکار بھرتی کیے جائیں گے اور فرانزک لیبارٹری کو بھی اپ گریڈ کیا جارہا ہے جبکہ امن و امان پر قابو پانے کیلئے 500 نئی گاڑیاں ملیں گی جبکہ 100 میں کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔

مزید خبریں :