پاکستان
Time 20 اکتوبر ، 2022

فیروز خان کی سابقہ اہلیہ نے تشدد کے شواہد عدالت میں پیش کر دیے

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

پاکستانی اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان نے سابق شوہر کی جانب سے کیے گئے تشدد کے شواہد عدالت میں پیش کر دیے۔

کراچی کی فیملی کورٹ شرقی میں فیروز خان کی جانب سے بچوں سے ملاقات اور حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جہاں علیزے سلطان نے فیروز خان کی جانب سے کیے گئے تشدد کی تصاویر، ایم ایل او اور پولیس رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔

علیزے کے وکیل بیرسٹر قائم شاہ نے کہا کہ میری کلائنٹ پر سنگین الزام لگائے گئے نومبر 2020 کو فیروز نے علیزے کو تشدد کا نشانہ بنایا، 16 نومبر 2020 کو پولیس کو فیروز خان کے خلاف تشدد کی رپورٹ جمع کرائی۔

بیرسٹر قائم شاہ نے مزید کہا کہ علیزے تھانے گئی تو فیروز اور اس کے خاندان نے فون کر کے دھمکیاں دیں، فیروز آئے دن تشدد کرتے تھے لیکن بچوں کی وجہ سے علیزے چپ رہی۔ 

دوسری جانب علیزے سلطان کا کمرہ عدالت میں کہنا تھا کہ’3 سے 4 سال میں فیروز خان نے میرے ساتھ جو کیا بتانا نہیں چاہتی تھی، فیروز خان نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا، میرا بیٹا سلطان بھی اس دوران زخمی ہوا تھا‘۔

عدالت کی جانب سے فیروز خان سے بچوں کی ملاقات سے متعلق فیصلہ آج ہی سنانے کا کہتے ہوئے بچوں کےاخراجات، حوالگی کے لیے درخواستوں پر مزید سماعت یکم نومبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ علیزے سلطان نے جسمانی تشدد کا الزام لگاتے ہوئے اداکار  فیروز خان سے علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔

مزید خبریں :