01 دسمبر ، 2012
کوئٹہ…پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی مرکزی قیادت نے بلوچستان کے ڈاکٹروں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے ڈاکٹروں کے جائز مطالبات اگر ایک ہفتے میں تسلیم نہ کئے گئے تو پورے ملک میں ڈاکٹر ہڑتال کردیں گے۔یہ بات پی ایم اے کے مرکزی صدر ڈاکٹر اظہر جدون نے صوبائی قائدین کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ڈاکٹر اظہر جدون نے کہا کہ اگر ڈاکٹروں کی ملک گیر ہڑتال ہوئی تو اس کی ذمہ داری بلوچستان حکومت اور وزیر اعلیٰ بلوچستان پر ہوگی کیونکہ حکومت خود نہیں چاہتی کہ اسپتالوں میں لوگوں کا علاج ہو،اسی لئے اسپتالوں میں ڈاکٹروں کے داخلے کے حوالے سے دفعہ144لگائی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں ہماری جان و مال محفوظ نہ ہو وہاں ہم ایسی نوکریاں نہیں کرنا چاہتے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ایم اے کے صوبائی صدر ڈاکٹر سلطان ترین نے کہا کہ جب تک بلوچستان میں ڈاکٹروں کے خلاف صوبائی حکومت کی جانب سے کئے گئے تاذیبی اقدامات واپس نہیں لئے جاتے ہیں ڈاکٹر ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔اس سے قبل پی ایم اے کے ڈاکٹروں نے زرغون روڈ سے ایک احتجاجی ریلی نکالی جو پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔