26 جون ، 2025
مچھلی کا تیل سب سے زیادہ استعمال ہونے والا غذائی سپلیمنٹ ہے۔
مچھلی کے تیل میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور یہ فیٹی ایسڈز صحت کے لیے بہت اہم سمجھے جاتے ہیں۔
اگر آپ مچھلی کھانا پسند نہیں کرتے تو مچھلی کے تیل کے کیپسول سے اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کے حصول میں مدد مل سکتی ہے۔
مچھلی کے تیل میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کے ساتھ ساتھ وٹامن اے اور ڈی بھی موجود ہوتے ہیں۔
یہ دونوں وٹامنز ہی صحت کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں۔
مردوں کے لیے یہ سپلیمنٹ کافی اہم ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ انہیں کافی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
دنیا بھر میں 15 فیصد جوڑے بانجھ پن کا سامنا کرتے ہیں اور عمر میں اضافے کے ساتھ مردوں میں یہ خطرہ بڑھنے لگتا ہے۔
مگر تحقیقی رپورٹس سے عندیہ ملا ہے کہ مچھلی کے تیل کے کیپسولز کا استعمال مردوں کو بانجھ پن سے تحفظ فراہم کرسکتا ہے۔
اس تیل میں موجود اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے جسمانی ورم اور تکسیدی تناؤ میں کمی آتی ہے اور یہ دونوں ہی تولیدی صحت کو نقصان پہنچانے والے عناصر ہیں۔
مچھلی کے تیل میں موجود اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے امراض قلب جیسے ہارٹ فیلیئر، ہائی بلڈ پریشر، خون میں چکنائی اور فالج وغیرہ کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
کلینیکل ٹرائلز میں بھی دریافت کیا گیا کہ اومیگا 3 سپلیمنٹس سے دل کے مسائل کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
مچھلی کے تیل کے کیپسول جِلد کو صحت مند رکھنے کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں جبکہ مختلف جِلدی مسائل کو ٹھیک کرتے ہیں۔
ان کے استعمال سے سورج کی روشنی سے جِلد کو پہنچنے والا نقصان گھٹ جاتا ہے، خشکی اور خارش سے نجات ملتی ہے۔
شواہد سے ثابت ہوا ہے کہ جسم میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی کمی سے آنکھوں کے امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔
تحقیقی رپورٹس سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مچھلی کھانے سے عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی میں آنے والی تنزلی کا خطرہ کم ہوتا ہے، البتہ مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس کے حوالے سے زیادہ تحقیقی کام نہیں ہوا۔
مگر جو تحقیقی کام ہوا ہے اس کے مطابق ان سپلیمنٹس کے استعمال سے بینائی کو فائدہ ہوسکتا ہے۔
اومیگا تھری فیٹی ایسڈز دماغی افعال کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔
تحقیقی رپورٹس سے عندیہ ملا ہے کہ اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے بھرپور غذاؤں کے استعمال سے الزائمر امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ سپلیمنٹس دماغی تنزلی کا خطرہ کم کرتے ہیں، مگر اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کا زیادہ استعمال ڈپریشن اور دیگر دماغی امراض سے بچنے میں ممکنہ مدد مل سکتی ہے۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ زیادہ مچھلی کھانے والے افراد میں ڈپریشن کا خطرہ 17 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
کیلشیئم اور وٹامن ڈی ہڈیوں کی صحت کے لیے بہت ضروری ہوتے ہیں مگر کچھ تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز بھی ہڈیوں کے لیے مفید ہوتے ہیں۔
رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کا زیادہ استعمال کرنے سے لوگوں کی ہڈیوں کی کثافت بڑھتی ہے۔
البتہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ مچھلی کے تیل کے استعمال سے ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں کتنی مدد ملتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔