Time 26 جون ، 2025
صحت و سائنس

جان لیوا ہارٹ اٹیک اور فالج سمیت امراض قلب سے بچنا بہت آسان

جان لیوا ہارٹ اٹیک اور فالج سمیت امراض قلب سے بچنا بہت آسان
ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی / فائل فوٹو

امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج کو خود سے دور رکھنا چاہتے ہیں تو ایسا بہت آسانی سے ممکن ہے۔

بس سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک، ساگ یا دیگر کا استعمال عادت بنالیں۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ایڈتھ کوون یونیورسٹی، ویسٹرن آسٹریلیا یونیورسٹی اور ڈینش کینسر انسٹیٹیوٹ کی اس مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا کہ سبز پتوں والی سبزیوں کا استعمال دل کی صحت کے لیے مفید ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات امراض قلب کے نتیجے میں ہوتی ہیں۔

دل کی صحت سے جڑے مسائل بشمول ہارٹ اٹیک، دل کی دھڑکن کی رفتار میں بے ترتیبی یا اس عضو کے مختلف حصوں کو پہنچنے والے ہر قسم کے نقصان کے لیے امراض قلب کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ غذا کے ذریعے وٹامن K1 کے حصول سے امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک اور گوبھی کی نسل کی سبزیوں میں وٹامن K1 کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اچھی بات یہ ہے کہ ان سبزیوں کو آسانی سے روزانہ کی غذا کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

دل کی شریانوں کے ساتھ ساتھ یہ وٹامن عضلاتی صحت کے لیے بھی مفید ہوتا ہے جس سے ہڈیوں کی مضبوطی بڑھتی ہے۔

محققین کے مطابق روزانہ ڈیڑھ کپ ان سبزیوں کا استعمال وٹامن K کے حصول کا آسان ذریعہ ہے اور جان لیوا امراض قلب سے بچنے میں مدد بھی ملتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وٹامن سے خون کی شریانیں تنگ ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ غذائیں دل کی صحت پر اثرات مرتب کرتی ہیں اور وٹامن K1 سے بھرپور سبز پتوں والی سبزیاں دل کی صحت کے لیے بہت اہم ثابت ہوسکتی ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج یورپین جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :