01 نومبر ، 2022
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی جس کے ساتھ افغانستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سفر ختم ہوگیا۔
برسبین میں ہونے والے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے فیلڈنگ کی دعوت دی۔ افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز اسکور کیے۔
سری لنکا نے145 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کرلیا،بیٹر دھنن جیا دی سلوا نے 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
افغانستان کی جانب سے بیٹر رحمٰن اللّٰہ گرباز نے 28 اور عثمان غنی نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا کی طرف سے اسپنر ونندو ہسارنگا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آج گروپ ون میں دوسرا اہم میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔
افغانستان اپنا آخری میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا جب کہ سری لنکا کو اب انگلینڈ سے کھیلنا ہے۔