Time 03 نومبر ، 2022
پاکستان

ویڈیو: عمران خان کےکنٹینر پر فائرنگ کے وقت کے مناظر

گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی لانگ مارچ میں عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے وقت کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اللہ والاچوک پر عمران خان کنٹینر پر موجود تھے، ویڈیو میں فائرنگ کی آواز یں بھی سنی جاسکتی ہیں۔

 فائرنگ کے بعد کنٹینر پربھگدڑ مچ گئی اور کنٹینر کے سامنے سڑک پر موجود افراد میں بھی افراتفری پھیل گئی۔

فائرنگ کے نتیجے میں عمران خان سمیت تحریک انصاف کے 4 رہنما زخمی ہوئے، زخمی ہونے والوں میں سینیٹر فیصل جاوید بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہیں۔ 

پولیس کے مطابق گوجرانوالہ میں اللہ والا چوک میں پی ٹی آئی کےاستقبالیہ کیمپ کے قریب عمران خان کے مرکزی کنٹینر پر فائرنگ کی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی جب کہ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔

چیئرمین تحریک انصاف کو شوکت خانم اسپتال لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کا سی ٹی اسکین کیا گیا، گولی آر پار ہوئی ہے، ہڈی محفوظ ہے۔

اس حملے کے بعد پنجاب پولیس کی سکیورٹی اور عمران خان کی ذاتی سکیورٹی پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

اب یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ پنجاب پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی لانگ مارچ انتظامیہ کو خطرے سے آگاہ کردیا گیا تھا، پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو تحریری طور پر تھریٹ سے متعلق آگاہ کیا۔

اطلاعات کے مطابق عمران خان کے چیف سکیورٹی آفیسر کو تحریری طور پر بھی خطرے سے آگاہ کیا گیا تھا، تھریٹ الرٹ یکم نومبر کو جاری کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :