چوروں کی فراخ دلی،چوری کیے ہوئے کچھ زیورات بذریعہ کوریئر مالک کو واپس بھیج دیے

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

بھارت میں چوروں نے فراخ دلی کی اعلیٰ مثال قائم کردی،چوری کیا ہوا کچھ سونا بذریعہ کوریئر مالک کو واپس بھیج دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع غازی آباد میں گزشتہ ماہ دیوالی کے موقع پر ایک گھر پر چوری کی واردات ہوئی جس میں چور تقریباً 20 لاکھ بھارتی روپے کا سونا لوٹ کر فرار ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق گھر کے تمام افراد 23 اکتوبر کو دیوالی منانے کے لیے اپنے آبائی گھر گئے ہوئے تھے لیکن 4 دن بعد جب وہ واپس آئے تو دیکھ کر پریشان ہو گئے کہ گھر سے 20 لاکھ روپے کے زیورات غائب ہیں۔

تاہم مقامی پولیس اسٹیشن میں چوری کی واردات کی رپورٹ درج کروائی گئی جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے تفتیش شروع کی لیکن ہوا کچھ یوں کہ 31 اکتوبر کو گھر جہاں چوری ہوئی تھی پرکوریئر کے ذریعے ایک پارسل موصول ہوا جسے کھولتے ہی گھر کے تمام افراد حیران رہ گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گھر والوں نے جب  پارسل کھولا تو اس میں ان کے چوری شدہ سونے میں سے کچھ زیورات جس کی قیمت 5 لاکھ بھارتی روپے بتائی جارہی ہے وہ نکلے۔

گھر کے افراد نے پارسل پر بھیجنے والے کا ایڈریس اور فون نمبر نوٹ کیا اور پولیس کو بتایا جس کے بعد معلوم ہوا کہ وہ معلومات درست نہیں تھیں ،جس کے بعد کوریئر سروس آفس کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی گئی تو 2 افراد کو پارسل جمع کرواتے ہوئے دیکھا گیا۔

تاہم پولیس باقی سونا اور چوروں کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔

مزید خبریں :