10 نومبر ، 2022
بھارتی کرکٹ ٹیم کےکپتان روہت شرما نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں 10 وکٹوں سے شکست کا سارا ملبہ بولرز پر ڈال دیا۔
میچ کے بعد میزبان سےگفتگو کرتے ہوئے روہت شرما کا کہنا تھا کہ بہت زیادہ دباؤ والا میچ تھا، ہینڈل کرنےکی صلاحیت تھی لیکن نہ کرسکے، جیت کا کریڈٹ انگلینڈ کے اوپنرز کو جا تاہے، ہمارے بولرز نے صحیح جگہ پر بولنگ نہیں کی۔
روہت شرما کا کہنا تھا کہ آج کی شکست سے بہت زیادہ مایوسی ہوئی، پلان پر عمل کرنا اصل بات تھی جو ہم نہ کرسکے، ناک آؤٹ مرحلے میں پریشر پر قابو پانا اہم ہوتا ہے اور آپ کسی کو سکھا نہیں سکتے کہ کیسے پریشر پر قابو پانا ہے۔
بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ بھارتی بولرز نے بولنگ کا آغاز اچھا نہیں کیا، میرا اب بھی خیال ہے کہ بیٹرز نے اچھی بیٹنگ کی تاہم بولنگ میں ہم ناکام رہے، یہ ایسی وکٹ نہیں تھی کہ اس پر اتنا اسکور 16 اوورز میں پورا کیا جاسکے۔
خیال رہےکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کو 10 وکٹوں سے بدترین شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 168 رنز بنائے اور انگلینڈ کو 169 رنز کا ہدف دیا تھا جسے انگلش ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 16 ویں اوور میں پورا کرلیا۔