12 نومبر ، 2022
وفاقی حکومت نے شرعی عدالت کی جانب سے سود کے خاتمے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیل واپس لے لی۔
حکومت کی جانب سے اسٹیٹ بینک کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت کے خلاف اپیل زیر التواء ہے، اپیل واپس لینے کی متفرق درخواست منظور کی جائے۔
یاد رہے کہ وفاقی شرعی عدالت نے سودی نظام کے خاتمہ کا حکم دیا تھا تاہم اسٹیٹ بینک نے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی۔
چند روز قبل وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک وفاقی شریعت کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیلیں واپس لیں گے۔
اسحاق ڈار کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں سود سے پاک نظام کو تیزی سے آگے لے کر چلیں گے۔