23 نومبر ، 2022
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر حاجی غلام علی کو گورنر خیبر پختونخوا تعینات کرنے کی سمری منظور کر لی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر حاجی غلام علی کی بطور گورنر کے پی تعیناتی کی سمری صدر عارف علوی کو بھیجی تھی۔
وزیراعظم کی جانب سے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو بھیجی گئی سمری میں آئین کے آرٹیکل 101 کے تحت حاجی غلام علی کو گورنر خیبرپختونخوا تعینات کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
اب صدر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گورنر کے پی کی تعیناتی کے لیے بھیجی گئی سمری کی منظوری دیدی ہے۔
یاد رہے کہ سابق گورنر کے پی شاہ فرمان کے مستعفی ہونے کے بعد اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی قائم مقام گورنر کے پی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔