06 دسمبر ، 2012
اسلام آباد …وزیر مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے میں اختلاف شدت اختیارکرگیا۔وزیر مواصلات کی چیئرمین این ایچ اے کو تبدیل نہ کرنے پراستعفے کی دھمکی دیدی ہے۔ڈاکٹر ارباب عالمگیر نے کہا ہے کہ اب یا تو چیئرمین این ایچ جاوید اقبال رہیں گے یا میں وزیررہوں گا،وفاقی وزیر مواصلات نے مزید کہا کہ میں اپنے ماتحت ادارے میں ایک تبادلہ بھی نہیں روک سکا،ذرائع نے بتایا ہے کہ این ایچ اے بلوچستان کے جی ایم ،ڈپٹی مینجر اکاونٹس کو او ایس ڈی بنانے پر تنازع ہوا۔ارباب عالمگیرنے چیئرمین این ایچ اے کو تبادلے واپس لینے کے احکامات دیئے،تاہم چیئرمین این ایچ اے جاوید اقبال نے حکم ماننے سے انکار کردیا،ادھر ذرائع نے کہا ہے کہ ممبرایڈ منسٹریشن ناصراحمد رانا کوچیئرمین این ایچ اے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔