20 فروری ، 2012
اسلام آباد … امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ امریکاہمارے ملک میں آگیا ہے، ہر طرف سے پاکستان کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں،کوئٹہ میں اے پی سی بلا کر بلوچوں کو یقین دلائیں کہ قوم ان کے ساتھ ہے ۔ دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام اسلام آباد میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا کہ امریکا مسلمانوں کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، آصف زرداری بھی یہی پالیسیاں لے کر چل رہے ہیں، امریکا ہمارے ملک میں آگیا ہے، ہر طرف سے پاکستان کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے بلوچستان کے حالات کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ہمارا ہے اور حکومت نے بلوچستان سے متعلق غلط پالیسیاں بنائیں اور بلوچوں پر ظلم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 27 جنوری کو کوئٹہ میں اے پی سی بلائیں گے اور بلوچوں کو یقین دلایا جائے گا کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت اے پی سی کی سفارشات پر عمل نہ کرے وہ غیر کی حکومت ہوتی ہے۔ منور حسن نے کہا کہ سوات، بونیر، میران شاہ وزیرستان میں فوجی آپریشن امریکی فرمائش پر کیا جارہا ہے، ہمارے فوجی جوانوں کی بندوقوں کا رخ بھی ہماری جانب ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اے این پی کی حکومت ڈالر وصول کررہی ہے، پنجاب کی حکومت خاموش بیٹھی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع نے اعلان کیا کہ انسانی ہمدردی کی بنا پر امریکا کے لئے خوراک بھیجی جارہی ہے، وزیر دفاع نے آج تک ڈرون حملوں پر احتجاج نہیں کیا۔