07 دسمبر ، 2022
وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل لاہور کی جانب سے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت درج کیے گئے مقدمے میں حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے امجد پرویز ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست جمع کرا ئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار کبھی پبلک آفس ہولڈر نہیں رہا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں، 27 اکتوبر 2018کو ملک سے باہر گیا، ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے عدم موجودگی میں 14 نومبر 2020 کو مقدمہ درج کیا اور اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی عدم حاضری میں ہوئی۔
درخواست کے متن کے مطابق مقدمہ اندراج سے قبل ایف آئی اے کی جانب سے وضاحت کے لیے طلبی کے نوٹس بھی موصول نہیں ہوئے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ دو ہفتے کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے تاکہ ملک واپس آ کرمتعلقہ عدالت میں پیش ہو جاؤں۔