پاکستان
20 فروری ، 2012

زرداری کیخلاف امیدوار تھا، نواز شریف نے قبول نہ کیا، جاوید ہاشمی

زرداری کیخلاف امیدوار تھا، نواز شریف نے قبول نہ کیا، جاوید ہاشمی

ملتان … پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ آصف زرداری کے خلاف صدارتی امیدوار تھا تاہم نواز شریف نے قبول نہیں کیا، صدارتی انتخاب کے دوران بہت سی اتحادی جماعتیں میرا ساتھ دینے کے لئے تیار تھیں لیکن مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی آپس میں معاہدہ کر چکی تھیں۔ یہ بات انہوں نے ملتان میں بہاوٴ الدین زکریا کمپلیکس پر مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے اعتراف کیا تھا کہ زرداری نے مخدوم امین فہیم سے جان چھڑوانے کا کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر مذمت کرتے ہیں، فوج کے محدود کردار کے حق میں ہیں۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ پرانی لیڈر شپ سے نجات حاصل کی جائے، قیادت ذاتی معاملات پر متوجہ ہوتی ہیں قوم کے معاملات پر نہیں، مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملتان کو ووٹوں کی منڈی سمجھتی ہے۔ اس سے قبل مخدوم شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کی سیاست کرنا چاہتے تو میرے اور جاوید ہاشمی دونوں کیلئے دروازے کبھی بند نہیں ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پارٹی فیصلے کا احترام کرتے ہوئے ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کرتے ہیں گھسی پٹی سیاست نے پاکستان کو آج اس نہج پر پہنچادیا ہے کہ امریکی کانگریس نے بلوچستان پر قرارداد پیش کی یہ بہت سنجیدہ چال ہے اور اگر اب بھی ہم نہ سمجھ پائے تو قصور وار ہم خود ہوں گے، گو زرداری گو کا نعرہ لگانے والے چاہتے نہ چاہتے اقتدار کو طول دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذاتی ایجنڈا بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی ایجنڈے کو سامنے رکھنا ہو گا۔

مزید خبریں :