کمردرد کو دور رکھنے میں مددگار چند آسان طریقے

یہ بہت عام مسئلہ ہے / فائل فوٹو
یہ بہت عام مسئلہ ہے / فائل فوٹو

اگر آپ کمردرد کی وجہ سے پریشان ہیں تو ایسا صرف آپ کے ساتھ نہیں ہورہا، ہر 5 میں سے 4 افراد کو زندگی میں اس مسئلے کا سامنا ہوتا ہے۔

کمر درد متعدد افراد کے لیے روزمرہ کے کاموں کو مشکل بنا دیتا ہے۔

کمردرد کی متعدد اقسام اور وجوہات ہیں، جیسے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے یا موٹاپے سے بھی اس کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اچھی خبر یہ ہے کہ کمر کے نچلے حصے میں درد عموماً چند دن یا ہفتوں میں ٹھیک ہوتا ہے اور سرجری کی ضرورت بہت کم ہوتی ہے۔

چند عام چیزوں کا خیال رکھ کر بھی آپ کمردرد کی روک تھام کرسکتے ہیں اور اسے واپس آنے سے روک سکتے ہیں۔

زیادہ جسمانی سرگرمیاں

اگر آپ کو کمر میں درد ہے تو ہوسکتا ہے کہ آرام کو زیادہ بہتر خیال کریں۔

ایک یا 2 دن کا آرام کسی حد تک مددگار ثابت ہوسکتا ہے مگر اس کے بعد یہ طریقہ کار کام نہیں کرتا۔

یہی وجہ ہے کہ ماہرین کی جانب سے جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے کا مشورہ دیا جاتا ہے جس سے مسلز پر تناؤ اور ورم میں کمی آتی ہے۔

ڈاکٹر سے مشورہ کرکے ایسی ورزشوں کو اپنے معمول کا حصہ بنائیں جو کمر کو مضبوط بناتی ہیں، یوگا کے کچھ آسن بھی کمر کی مضبوطی، توازن اور لچک کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

اپنے وزن پر نظر رکھیں

اضافی جسمانی وزن خاص طور پر پیٹ اور کمر کے اردگرد چربی بڑھنا کمردرد کو زیادہ بدتر بناسکتا ہے، جسمانی وزن کو کم کرنے سے کمردرد کو کنٹرول کرنا آسان ہوجاتا ہے۔

تمباکو نوشی سے گریز

تمباکو نوشی سے ریڑھ کی ہڈی کے مہروں تک غذائیت سے بھرپور خون کا بہاؤ محدود ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ تمباکو نوشی کرنے والے افراد میں کمردرد کی شکایت عام ہوتی ہے۔

نیند کی درست پوزیشن

اگر آپ کو اکثر کمردرد کا سامنا ہوتا ہے تو ڈاکٹر سے مشورہ کرکے نیند کی بہترین پوزیشن کے بارے میں جانیں۔

عام طور پر پہلو کے بل لیٹنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، اگر کمر کے بل لیٹنا چاہتے ہیں تو اپنے گھٹنوں اور کمر کے نیچے تکیے رکھیں۔

کوشش کریں کہ ایسے میٹریس کا استعمال کریں جو نہ تو بہت زیادہ سخت ہو اور نہ بہت زیادہ نرم۔

جسمانی پوزیشن پر توجہ مرکوز کریں

دیوار سے ٹیک لگا کر ایڑیوں کے بل کھڑے ہوکر اپنی جسمانی پوزیشن کو چیک کریں۔

آپ کے کولہے، کندھے، کمر اور پنڈلیاں دیوار سے چھو رہے ہیں تو یہ درست پوزیشن ہے، اس کے بعد ایک یا 2 قدم آگے بڑھ کر معمول کے انداز سے کھڑے ہوجائیں، اگر یہ انداز دیوار والے سے مختلف ہو تو اسے درست کریں۔

لیپ ٹاپ کو درست جگہ پر رکھیں

اگر آپ لیپ ٹاپ بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں تو اسے کسی ڈیسک پر رکھ کر استعمال کریں اور الگ سے کی بورڈ اور ماؤس ڈیوائس سے اٹیچ کریں۔

گود میں لیپ ٹاپ رکھ کر استعمال کرنے کے باعث آپ کو اپنا سر کافی دیر تک آگے جھکا کر رکھنا پڑتا ہے جس سے گردن سے لے کر کمر تک ریڑھ کی ہڈیوں کے مہروں پر دباؤ بڑھتا ہے، جو سر، گردن اور کمر درد کا باعث بنتا ہے۔

فون پر ٹائپ کرنے سے گریز کریں

کبھی کبھار تو فون پر ٹیکسٹ یا ای میل ٹائپ کرنا ٹھیک ہے، مگر کمردرد کی شکایت ہو تو اس سے گریز کریں۔

جب آپ فون پر ٹائپ کرتے ہیں تو سر کو نیچے کی جانب جھکاتے ہیں اور ایسا چند منٹ سے زیادہ کرنے سے ریڑھ کی ہڈی کے مہروں پر دباؤ بڑھتا ہے۔

وزن اٹھانے میں احتیاط

بھاری چیزیں اٹھاتے ہوئے کمر کو جھکانے سے گریز کریں بلکہ گھٹنوں کو موڑ لیں، تاکہ ٹانگیں وزن کو اٹھائیں کمر نہیں۔

وزن اٹھاتے ہوئے جسم کو حرکت مت دیں۔

ہائی ہیل پہننے سے بچیں

ہائی ہیل سے کشش ثقل کا مرکز بدل جاتا ہے اور کمر کے نچلے حصے پر دباؤ بڑھتا ہے۔

تنگ ملبوسات بھی نقصان دہ

تنگ ملبوسات سے جھکنے، بیٹھنے یا چلنے کا عمل متاثر ہوتا ہے جس سے کمردرد بڑھ جاتا ہے۔

مزید خبریں :