07 دسمبر ، 2012
کراچی…وزیر خزانہ سندھ سید مراد علی شاہ نے خبردار کیا ہے کہ جب تک پیپلز پارٹی کی حکو مت ہے کالا باغ ڈیم نہیں بن سکتا۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکرشہلارضا کی صدارت میں ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔رکن صوبائی اسمبلی سردار جام تماچی نے اجلاس وقت پر شروع نہ ہونے پر ڈپٹی اسپیکر سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ٹریولنگ اور ڈیلی الاوٴنس کس بات کا لیتے ہیں جب اجلاس اتنا دیر میں شروع ہوکر اتنا جلدی ختم ہوجاتا ہے۔بعد ازاں اسمبلی میں کالا باغ ڈیم کے خلاف پیش کی گئی مذمتی قرارداد پر ارکان نے بحث کی۔ صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کسی بھی حکومت میں کالا ڈیم کے لئے فیصلہ نہیں رکھا گیا ہے اور جب تک پیپلز پارٹی کی حکومت ہے ڈیم نہیں بن سکتا۔پیپلز پارٹی کے انور مہر نے کہا کہ کالا باغ ڈیم پر متحد ہونے کی ضرورت ہے، اور 4 مختلف قرار دادوں کے بجائے ایک قرار داد متفقہ طور پر منظور کرائی جائے۔