07 دسمبر ، 2012
کراچی…سندھ اسمبلی میں کالا باغ ڈیم کے خلاف پیش کی گئی مذمتی قرارداد پر ارکان کی بحث کے دوران آج پھر ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرتا رہا۔ سندھ اسمبلی میں کالا باغ ڈیم کے خلاف مذمتی قرار داد پر آج بھی بحث جاری تھی کہ پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیرزاہد بھرگڑی اور مسلم لیگ فنکشنل کی رہنما نصرت سحر عباسی کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوگئی۔اس دوران اسپیکر نثار کھوڑو اپوزیشن ارکان کو صبر کی تلقین کرتے رہے۔صوبائی وزیر رفیق انجینئر کے ریمارکس نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔بس پھر کیا تھا اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے سمجھانے پر بھی نہ مانے۔اسپیکر نے بار بار ارکان کو سمجھانے کی کوشش کی وہ جب نہ مانے تو نثار کھوڑو نے استاد کی طرح ان کو ڈانٹنا شروع کردیا۔بعد ازاں سندھ اسمبلی میں کالاباغ ڈیم کے خلاف مذمتی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔