07 دسمبر ، 2012
ہنگو …ہنگو میں ہونے والا اے این پی کاورکرزکنونشن ہلڑ بازی کے نذر ہوگیا۔ضلع ہنگو میں چار سالوں کے دوران کوئی ترقیاتی کام نہ ہونے پر کارکنوں نے اپنے قائدین کو آڑے ہاتھوں لیا۔ہنگو کے علاقے مسلم آباد میں مقامی رہنما کے حجرے میں ہونے والے اے این پی کے ورکرز کنونشن میں اے این پی کے صوبائی جنرل سیکریٹری ارباب طاہر، سینئر نائب صدر میاں مشتاق ، ضلعی صدر اور ایم این اے پیر حیدر علی شاہ، سینیٹر عبدالنبی بنگش شریک تھے۔ ضلعی صدر اور ایم این اے پیر حیدر علی شاہ نے جیسے ہی خطاب شروع کیا۔ کنونشن میں شریک کارکن مشتعل ہوگئے۔ قائدین کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اور ان پر تمام ترقیاتی فنڈز خورد برد کرنے کے الزامات لگائے۔ کارکنوں کا کہنا تھا کہ اے این پی کے سات رہنما ضلع ہنگو پر قابض ہیں باقی تمام رہنماوٴں اور کارکنوں کو نذر انداز کیا گیا ہے۔ گزشتہ چار سالوں کے دوران پارٹی کے کسی بھی منتخب رکن نے ہنگو میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کرایا۔