20 فروری ، 2012
کراچی … گورنر اسٹیٹ بینک یاسین انور نے کہا ہے کہ ملکی معیشت پر کافی دباوٴ ہے تاہم امکان ہے کہ حکومت جون تک مالی معاملات کو بہتر کر لے گی اور معاشی اہداف کا حصول پورا کر لیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے باغ جناح میں اسٹیٹ بینک کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ملک میں افراط زر کی شرح 12 فیصد سے زائد برقرار ہے، اسی لیے مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں کمی نہیں کی جا سکی تاہم ایک 2 ماہ میں کمی ضرور لائی جائے گی۔ یاسین انور نے کہا کہ قرضوں کو مقررہ حد کے اندر رکھنے کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے، امید ہے حکومت اس حد میں رہے گی اور معاشی صورتحال میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اپنا آئینی کردار احسن طریقے سے پورا کر رہا ہے۔