09 دسمبر ، 2012
میلبرن … پاکستان ہاکی ٹیم نے بھارت کو تین دو سے شکست دے کر چیمپینز ٹرافی میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں نے عمدہ کارکردگی دکھائی، بھارتی ٹیم نے کھیل کے 7ویں منٹ میں برتری حاصل کرلی۔ لیکن سات منٹ بعد ہی محمد رضوان سینئر نے گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا۔ کھیل کے دوسرے ہاف میں پاکستان نے شفقت رسول اور محمد عتیق کے گولز کی بدولت برتری حاصل کرلی۔ بھارتی ٹیم نے میچ کے اختتامی لمحات میں دوسرا گول تو اسکور کیا، لیکن پاکستان کی ٹیم تین دو سے کامیاب رہی، اس فتح کے ساتھ ہی گرین شرٹس نے 8 سال بعد چیمپینز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔ 2004 میں بھی قومی ٹیم نے بھارت کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔اب سے کچھ دیر بعد ہالینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان چیمپینزٹرافی کا فائنل ہالینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔