30 دسمبر ، 2022
بھارت کے وکٹ کیپر بیٹر ریشبھ پنت کو خوفناک کار حادثے کے بعد اسپتال پہنچانے والے شخص نے سارا واقعہ سنا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریشبھ پنت جمعے کی صبح کار حادثے کا شکار ہوئے اور اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں، ڈاکٹرز کے مطابق ریشبھ پنت کے ماتھے اور ٹانگ پر چوٹ آئیں ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ریشبھ پنت کی کار کو حادثے کے وقت کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آئی ہے جس میں ان کی کار کو ہائی وے کی ریلنگ سے ٹکراتے دیکھا جا سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریشبھ پنت کو جائے حادثہ سے اسپتال پہنچانے والے بس ڈرائیور کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں اس نے بتایا کہ وہ ہردوار کی طرف سے آ رہا تھا جبکہ ریشبھ پنت دلی کی طرف سے آ رہے تھے، ریلنگ سے ٹکرانے کے بعد بھارتی کرکٹر کی گاڑی تقریباً 200 میٹر دور تک گئی۔
بس ڈرائیور سشل نے بتایا کہ کار حادثے کے بعد میں سب سے پہلے پہنچا تو گاڑی میں آگ لگ چکی تھی، میں نے شیشے توڑ کر کرکٹر کو باہر نکالا تو وہ لنگڑا رہے تھے، بھارتی کرکٹر نے اپنا تعارف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ریشبھ پنت ہیں، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا اور خوش قسمتی کی بات ہے کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔