21 فروری ، 2012
واشنگٹن. . . .. . .امریکا کے صدر بارک اوباما نے افغان ہم منصب حامد کرزئی کو ٹیلے فون کیا۔ دونوں رہنماوٴں نے افغان مصالحتی عمل اور اس سلسلے میں خطے کے ممالک کی حمایت سے متعلق امور پر بات چیت کی۔ صدر اوباما نے گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں پاکستان ، افغانستان اور ایران کے صدور کی ملاقات کے بعد افغان صدر سے رابطہ کیا ہے۔ وائٹ ہاوٴس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہ نماوٴں نے افغان مصالحتی عمل ، اس کے لئے علاقائی حمایت ، پاک افغان ایران سربراہ ملاقات اور باہمی تشویش کے دیگر اسٹریٹجک معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ بیان کے مطابق صدر اوباما اور صدر کرزئی نے مشترکہ مقاصد کے حصول اور دونوں ملکوں کے درمیان طویل مدتی شراکت وضع کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں جلد دوبارہ رابطہ کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔