بلاگ
Time 06 جنوری ، 2023

پنجاب اورکیلی فورنیا سسٹراسٹیٹس:فائدہ کیاہوگا؟

پاک امریکا تعلقات میں بہتری نے سال نو پر ایک سنگ میل عبور کرلیا ہے،صوبہ پنجاب اور امریکا کی اہم ریاست کیلی فورنیا کے درمیان سسٹر اسٹیٹس معاہدے پر 9 جنوری کو دستخط کیے جارہے ہیں۔

سسٹر اسٹیٹس قرارداد پر دستخط کی تقریب کیلی فورنیا کے دارالحکومت سیکرامینٹو میں ہوگی۔ کیلی فورنیا کی ریاستی اسمبلی کے اسپیکر انتھونی رینڈن اور لیفٹی نینٹ گورنر ایلینی کونالاکس اس قرارداد پر دستخط کریں گی۔

تقریب میں شرکت کے لیے پنجاب حکومت کے نمائندے اورسابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی امریکا روانہ ہورہے ہیں جہاں  وہ لاس اینجلس اور سیکرامینٹو میں اس مناسبت سے منعقد مختلف تقاریب میں شرکت کریں گے۔

امریکی کانگریس کے حالیہ مڈ ٹرم الیکشنز میں ڈیموکریٹ امیدوار آصف محمود اس سسٹر اسٹیٹس پراجیکٹ کے رابطہ کار ہیں،  چونکہ خود آصف محمود کا تعلق کھاریاں سے ہے اس لیے وہ طویل عرصے سے یہ تعلق قائم کرنے کے لیے کوشاں تھے۔

پچھلے سال ڈاکٹر آصف ہی کی کوششوں سے پنجاب کیلی فورنیا سسٹراسٹیٹس قرارداد کیلی فورنیا کی ریاستی اسمبلی میں پیش کی گئی تھی۔ ایوان کے رکن کرس ہولڈن کی جانب سے 22فروری 2022 کو پیش قرارداد میں کہا گیا تھاکہ دونوں ریاستوں کے درمیان یہ دوستانہ تعلق 31 دسمبر 2026 تک قائم رہے گا۔

بنیادی طورپر یہ تعلق خیرسگالی کی علامت تصور کیا جاتا ہے اور اس کی بدولت سفارتی، اقتصادی، تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی بنیاد ڈالی جاتی ہے۔ جس میں پبلک اور پرائیویٹ پارٹنرشپ کو بھی فروغ دیا جاتاہے۔

سسٹراسٹیٹس رشتہ عموما دونوں ریاستوں ہی کے مفاد میں ہوتا ہے اس لیے ایک بار تعلق قائم ہوجائے تو اس میں مسلسل توسیع دے کر اسے مضبوط تر کیا جاتا ہے۔

سرکاری سطح پر کیلی فورنیا اس وقت 32 علاقوں سے سسٹر اسٹیٹ ،فرینڈشپ اسٹیٹ اور تعاون کے معاہدوں سے جڑی ہے۔

بھارت کی مشرقی ریاست پنجاب اور گجرات کو سسٹر اسٹیٹس کا درجہ 2001 ہی میں دیا جاچکا ہے۔ جن دیگر ممالک کے مختلف علاقوں کو یہ درجہ حاصل ہے ان میں کینیڈا، چین ، جاپان، روس، آسٹریلیا، جرمنی، پرتگال،اٹلی، فرانس، اسپین، جنوبی کوریا، آرمینیا، میکسیکو ، آرجنٹینا، برازیل ، السلواڈور ،جنوبی افریقا، مصر اور انڈونیشیا بھی شامل ہیں۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب سے یہ تعلق جوڑنے کی وجہ وہ قدریں ہیں جو دونوں علاقوں میں مشترک ہیں۔ گیارہ کروڑ سے زائد آبادی کا حامل صوبہ پنجاب امریکا کی ریاست کیلی فورنیا کی طرح فوڈ باسکٹ کا کردارادا کرتا ہے۔ پھر کیلی فورنیا میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے تین لاکھ افراد آباد بھی ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر کیلی فورنیا نقل مکانی کرکے زراعت سے منسلک ہوئے تھے۔

تاریخ، ثقافت اور اقتصادی لحاظ سے شہرت کا حامل لاہور فیشن اور سینما انڈسٹری کا اُسی طرح گڑھ ہے جیسے کیلی فورنیا کا شہر لاس اینجلس۔

توقع کی جاسکتی ہے کہ سسٹراسٹیٹس قرارداد پر باضابطہ دستخط ہونے سے مختلف شعبوں میں پنجاب اور کیلی فورنیا کے درمیان تعلق مضبوط ہوگا اور کم سے کم زراعت، صحت اور تعلیم کے میدان میں پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ امریکا میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے حوالے سے شہرت کی حامل ریاست سے فائدہ اٹھاسکے گا۔


جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔