06 جنوری ، 2023
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی سکیورٹی صورتحال پر اجلاس میں صوبائی اپیکس کمیٹیوں کا باقاعدگی سے اجلاس بلانے کی ہدایت کردی۔
وزیرِاعظم کی زیرِصدارت ملک میں سکیورٹی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیرِداخلہ راناثنا اللہ،مشیراحدچیمہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیرِداخلہ اورسیکٹری داخلہ نے ملک کی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ چاروں آئی جیز اور چیف سیکرٹریز نے دہشتگردی کے واقعات سے متعلق بریف کیا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہناتھاکہ دہشت گرد اور شرپسند عناصر پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، وطنِ عزیز کی حفاظت کی خاطرکسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ دہشت گردی کی لہر کے تدارک کیلئے وفاقی وصوبائی ادارے تعاون بڑھائیں، وزیرِ داخلہ، سیکرٹری داخلہ اور نیکٹاصوبوں میں جاکر تفصیلی مشاورت کریں جس کے بعد جامع لائحہ عمل تیار کرکے پیش کریں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ صوبائی اپیکس کمیٹیاں اپنے اجلاس باقاعدگی سے کریں، اداروں کے درمیان تعاون سے دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اکھاڑپھینکیں۔