12 جنوری ، 2023
اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی الیکشن کمیشن سے نا اہلی کے فیصلےکے خلاف درخواست انہی کے وکیل کی عدم پیشی کے باعث 25 جنوری تک ملتوی کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
بیرسٹر علی ظفر کی لاہور ہائی کورٹ میں مصروفیات کے باعث ان کے ایسوسی ایٹ بیرسٹر گوہر نے سماعت ملتوی کرنےکی استدعا کی۔
ارکان قومی اسمبلی کے وکیل نے کہا کہ ان کی اسی طرح کی پٹیشن لاہور ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے، عدالت کو بھی نہیں بتایا کہ ان کی کوئی پٹیشن وہاں بھی زیر سماعت ہے۔
بیرسٹر گوہر نےکہا کہ 7دسمبر کے الیکشن کمیشن کے نوٹس کو چیلنج کیا ہے۔
چیف جسٹس نےکہا کہ آپ دو جگہوں پر تو چیلنج نہیں کرسکتے اگر ایسا ہے تو یہ درخواست واپس لے لیں، کوئی ینگ کونسل یہ کام کر دے تو سمجھ آتی ہے لیکن علی ظفر تو اتنے سینیئر کونسل ہیں۔
بیرسٹر گوہر نےکہا کہ اس معاملے پر بیرسٹر علی ظفر ہی جواب دیں گے۔
چیف جسٹس نےکہا کہ ہم نے اس متعلق اعظم سواتی کیس میں لکھا ہے کہ کلائنٹ کو تو ریلیف چاہیے ہوتا ہے وہ اس کو بے شک مارس سے مل جائے۔
عدالت عالیہ نے کیس کی مزید سماعت 25 جنوری تک ملتوی کر دی۔