13 جنوری ، 2023
اسلام آباد: سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کی تفصیلات ایوان میں پیش کردی گئیں۔
ایوان میں تفصیلات وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے تحریری طور پرپیش کیں۔
وزارت آئی ٹی نے اعتراف کیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اب بھی رپورٹ کیے گئے 50 فیصد سے زائد اکاؤنٹس بلاک نہیں ہوئے، سوشل میڈیا پر جعلی خبروں سے متعلق 15ہزار 444 شکایات کی گئی اور 6 ہزار 418 لنکس کو بلاک کیا گیا۔
وزارت آئی ٹی کے مطابق 7 ہزار 711جعلی لنکس اب بھی قابل رسائی ہیں، فیس بک نے 3ہزار 214 شکایات میں سے 2105 جعلی خبروں والے لنکس کو بلاک کیا، فیس بک پر 614 لنکس اب بھی قابل رسائی ہیں۔
تحریری جواب کے مطابق ٹوئٹر پر 5614 اکاؤنٹس اب بھی موجود ہیں، بھیجی گئی شکایات میں سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے 1315کو مسترد کیا۔