14 جنوری ، 2023
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے سمری پر دستخط سے انکار کے بعد پنجاب اسمبلی از خود ٹوٹ گئی۔
گورنر پنجاب اسمبلی توڑنے کے عمل کا حصہ نہیں بنے۔ گورنر پنجاب نے سمری پر دستخط کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے سے آئینی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ کا اندیشہ نہیں، آئین، قانون میں وضاحت کےساتھ تمام معاملات کے آگے بڑھنے کا راستہ موجود ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ آنے تک پرویز الہٰی ہی وزیراعلیٰ کے عہدے کو سنبھالیں گے۔
پنجاب میں نگران سیٹ اپ کیلئے عمران خان نے کل پرویز الہٰی سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان اور پرویز الہٰی کی کل زمان پارک میں ملاقات ہوگی، ملاقات میں نگران سیٹ اپ کیلئے ناموں پرمشاورت ہوگی، عمران خان مشاورت کے بعد پرویز الہٰی کو نگران سیٹ اپ کیلئے نام دیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ کی باقاعدہ تقرری کیلئے گورنر پنجاب نے وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی اور قائدِ حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو مراسلہ جاری کردیا۔
گورنر نے نگران وزیراعلیٰ کے لیے متفقہ نام 17 جنوری رات 10 بجے تک طلب کرلیا۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو پنجاب میں الیکشن کی تیاری کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے مسلم لیگ ن کے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں شہباز شریف، رانا ثنا اللہ، اعظم نذیر تارڑ اور دیگر اہم رہنما بھی شریک تھے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف نے ہدایت کی کہ پورے پنجاب میں پارٹی کے رہنما اور ورکر متحرک ہو جائیں، نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو پنجاب میں الیکشن کی تیاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے امیدوار بھرپور طریقے سے الیکشن میں حصہ لینے کی تیاری کریں۔