12 دسمبر ، 2012
کراچی…دنیا کے کئی ممالک میں موسم سرد ہوگیا ہے۔ جرمنی ، بوسنیا اور چین سمیت کئی ممالک میں برفباری سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ سربیا میں جانوروں کو سردی سے بچانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔جرمنی میں ہر طرف برف ہی برف ہے۔ سڑکیں اور مکانات برف سے ڈھکے ہوئے ہیں۔درجہ حرارت گرنے سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ تاہم سڑکوں پر جمی برف کی تہہ نے سفر کرنے والے لوگوں کے لیے مشکلات کھڑی کردی ہیں۔ بوسنیا میں مسلسل برفباری سے درجہ حرارت منفی چوبیس ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ حکام کے مطابق سردی سے ٹھٹھر کر دو افراد ہلاک ہوگئے۔چین کے شمال مشرقی علاقوں میں بھی شدید برفباری نے نظام زندگی بری طرح متاثر کیا ہے۔ خراب موسم کے باعث کئی پروازیں بھی معطل کردی گئی ہیں۔سربیا میں بھی سردی نے پوری طرح پاوٴں جما لیے ہیں۔ اس موسم میں جانوروں کو ٹھنڈ سے بچانے کے لیے چڑیا گھر میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔خصوصی خوراک اور ادویات سے جانوروں کو گرم رکھنے کا پورا انتظام کیا گیا ہے۔