24 جنوری ، 2023
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وزیراعظم شہبازشریف اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کے خلاف دائر اپیل مسترد کردی۔
سپریم کورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ریاض حنیف راہی کی جانب سے شہباز شریف اور خواجہ سعد رفیق کے خلاف پروڈکشن آرڈر کے اجرا کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ پچھلےدور حکومت میں شہباز شریف دوران نیب حراست پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کےچیئرمین بنے، پارلیمنٹ ایسے رولز نہیں بناسکتی جو کسی دوسرے قانون کے منافی ہو، جن کےخلاف تحقیقات ہورہی ہوتی ہیں وہ پروڈکشن آرڈر پر پارلیمنٹ آتے ہیں۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ نیب زدہ پروڈکشن آرڈر پرپارلیمنٹ آکراپنے خلاف تحقیقات پر تقریر کرتے ہیں اس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ شہبازشریف اور خواجہ سعد کو آپ فریق کیسے بناسکتے ہیں؟آپ کا حق دعویٰ نہیں بنتا۔
بعد ازاں عدالت نے شہبازشریف اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرکے خلاف اپیل ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔