ٹرمینیٹر 2 جیسا پگھل کر ٹھوس شکل اختیار کرنے والا حقیقی روبوٹ تیار

اگر آپ نے 1991 کی فلم ٹرمینیٹر 2 دیکھی ہے تو اس کا ولن ٹی 1000 روبوٹ یاد ہوگا جو جب مرضی پگھل کر دوبارہ ٹھوس شکل اختیار کرلیتا تھا۔

اب 3 دہائیوں کے بعد سائنسدانوں نے اس طرح کا حقیقی روبوٹ تیار کرلیا ہے جو ٹھوس سے سیال اور پھر ٹھوس شکل اختیار کرسکتا ہے۔

بس یہ مکمل طور پر فلمی روبوٹ جیسا نہیں۔

چائنیز یونیورسٹی آف ہانگ کانگ کے ماہرین نے اس روبوٹ کو تیار کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ایسا ہالی وڈ فلم سے متاثر ہوکر نہیں کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ روبوٹس میں سیال اور ٹھوس شکل میں بدلنے کی صلاحیت ان کی افادیت کو بڑھا دے گی۔

اس روبوٹ کی صلاحیت کا مظاہرہ بھی ایک ویڈیو (جسے آپ اوپر دیکھ سکتے ہیں) میں دکھایا گیا۔

ویڈیو میں دکھایا گیا کہ یہ روبوٹ ایک جیل نما پنجرے میں بند ہوتا ہے ، جہاں سے وہ پگھل کر باہر نکلا۔

ویڈیو میں مکمل طور پر دیکھنا تو مشکل ہے مگر وہ روبوٹ پگھل کر سیال شکل اختیار کرکے سلاخوں کے درمیان سے باہر نکلا اور پھر ٹھوس شکل اختیار کرگیا۔

البتہ اسے پگھلنے کے بعد ٹھنڈا ہونے کے لیے سانچے میں کچھ وقت تک انتظار کرنا پڑا تھا۔

اس روبوٹ کے حوالے سے تحقیق جرنل میٹر (Matter) میں شائع ہوئی۔

محققین کے مطابق اس طرح کے روبوٹس کو ایسی جگہوں پر مرمت کے لیے استعمال کرنا ممکن ہوگا جہاں تک رسائی بہت مشکل ہوتی ہے۔

ماہرین اس روبوٹ کو طبی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے بھی خواہشمند ہیں۔

مزید خبریں :