Time 09 فروری ، 2023
پاکستان

ضعیف خاتون اور نابینا بہن کے ساتھ 4 کروڑ سے زائد کے بینک فراڈ کیس کا فیصلہ محفوظ

کراچی: بینک ملازم کی جانب سے 82 سال کی ضعیف خاتون اور اس کی نابینا بہن کے ساتھ 4 کروڑ سے زائد کے فراڈ کے کیس میں فریقین کے درمیان صلح کی درخواست پر بینکنگ کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بینک ملازم کی جانب سے فراڈ سے متعلق بینکنگ کورٹ میں سماعت ہوئی۔ فراڈ کرنے والے بینک ملازم ملزم نوید ملک نے تمام رقم اور سونا واپس کردیا جبکہ عدالت نے ملزم کی معافی اور صلح کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

ملزم اور متاثرہ خواتین کے درمیان صلح کی درخواست پر فیصلہ 15 فروری کو سنایا جائے گا۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق نجی بینک کے منیجر آفتاب لاشاری کی شکایت پر ملازم کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

بینک میں ڈیزی پتلو اور پرسیا پتلو دو بہنوں کے مشترکہ دو اکاؤنٹس تھے۔ بینک انکوائری میں نوید ملک پر فراڈ ثابت ہوا تھا۔ ملزم نے ڈیزی پتلو کو منہ بولی ماں بنایا، پھر دھوکا کیا۔

ڈیزی پتلو ضعیف ہیں، ان کی دوسری بہن نابینا ہیں، دونوں بہنوں کی جمع پونجھی ہتھیا لی گئی تھی اور کھانے پینے کیلئے بھی کچھ نہیں بچاتھا۔

ملزم نے 2018 میں فراڈ کے ذریعے بینک سے رقم اور زیور اپنی تحویل میں لے لیے تھے۔

مزید خبریں :