21 فروری ، 2012
پشاور…پشاور ہائی کورٹ نے ایئر بلیو حادثے سے متعلق وزارت دفاع کے تحریری جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ واقعے کی از سر نو تحقیقات سے متعلق عدالتی حکم پر پر من و عن عمل درآمد کرایا جائے۔ائیربلیو سانحے سے متعلق سابق رکن قومی اسمبلی ماروی میمن کی ر ٹ کی سماعت پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس وقار احمد سیٹھ نے کی۔ چیف جسٹس نے وزارت دفاع کی طرف سے جمع کرائی تحریری جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ سانحہ کی از سر نو تحقیقات کرائی جائے۔ عدالت نے حکم دیا کہ ہوا بازی کے بین الاقوامی ادارے سے پی آئی اے سمیت تمام ائیرلائنز کے جہازوں کا معائنہ کرایا جائے،کہ تمام طیارے اڑان کے قابل ہیں یا نہیں۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور ائیر بلیو انتظامیہ کو حکم دیا کہ سانحہ کے تمام متاثرہ خاندانوں کے لئے تلافی کی رقم فوری ادا کی جائے۔