27 فروری ، 2023
کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے کالعدم تنظیم کے رکن کی اپیل پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیے۔
فوجی عدالت کی جانب سے سزائے موت کے خلاف کالعدم تنظیم کے رکن کی اپیل پر سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی۔
درخواست گزار کلثوم بانو کے وکیل کا کہنا تھا عطاء الرحمٰن کو اگست 2015 میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حراست میں لیا تھا، بازیابی کی درخواست دائر کی تو نا معلوم نمبر سے کال آئی۔
درخواست گزار خاتون نے عدالت کو بتایا کہ فون پر کہا گیا درخواست واپس لے تو بھائی سے ملاقات ہو جائے گی، دسمبر 2016 میں پتا چلا میرے بھائی کو ملٹری کورٹ نے سزائے موت سنائی ہے۔
عدالت نے ملزم عطاءالرحمٰن عرف نعیم بخاری کی درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیے اور حکم دیا کہ درخواست گزار کے وکیل آئندہ سماعت پر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دیں۔