03 مارچ ، 2023
ذیابیطس ٹائپ 2، کینسر، امراض قلب اور دماغی تنزلی سمیت دیگر جان لیوا بیماریوں کو ہمیشہ خود سے دور رکھنا چاہتے ہیں؟
تو چند عام عادات کو آج ہی اپنا لیں جن کی مدد سے جان لیوا امراض کو ہمیشہ دور رکھنایا ان کی پیچیدگیوں کو کم از کم سطح پر رکھنا ممکن ہے۔
یہ بات 2 نئی طبی تحقیقی رپورٹس میں بتائی گئی۔
تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ 8 آسان عادات کو اپنا کر آپ امراض قلب، کینسر، ذیابیطس، دماغی تنزلی اور دیگر بیماریوں کو ہمیشہ خود سے دور رکھ سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اچھی غذا کا استعمال، جسمانی سرگرمیاں، تمباکو نوشی سے گریز، مناسب وقت تک نیند، کولیسٹرول کی سطح کو قابو میں رکھنا، بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنا اور ہائی بلڈ پریشر کو صحت مند سطح پر رکھنے جیسی عادات متعدد امراض کو آپ سے دور رکھتی ہیں۔
ان میں سے ایک تحقیق میں ایک لاکھ 36 ہزار سے زیادہ ایسے افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی جو امراض قلب، ذیابیطس، کینسر یا ڈیمینشیا سے محفوظ تھے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ 8 آسان عادات کو اپنانے والے افراد کی زندگی دیگر کے مقابلے میں زیادہ طویل ہوتی ہے اور وہ متعدد امراض سے محفوظ بھی رہتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ دل کی صحت کے لیے مفید عادات کا مثبت اثر جسم کے ہر حصے پر ہوتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ مثالی بات تو یہ ہے کہ جوانی سے ہی صحت مند عادات کو اپنا لیا جائے مگر درمیانی عمر میں بھی انہیں اپنانے سے نقصان نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان عادات کو کسی بھی عمر میں اپنانے سے زندگی کا معیار بہتر ہوتا ہے جبکہ ادویات کے استعمال کی ضرورت کم پڑتی ہے۔
دوسری تحقیق میں 23 ہزار سے زیادہ افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ دل کی صحت کے لیے اچھی عادات اپنانے والے افراد کی زندگی کی مدت میں 3 دہائیوں کا اضافہ ہو جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ تمباکو نوشی سے گریز دل کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے سب سے بہترین کام ہے جس کے بعد ورزش کو معمول بنانا اہم ہے۔
دونوں تحقیقی رپورٹس کے مطابق ایک طبی کانفرنس کے دوران پیش کیے گئے۔