05 مارچ ، 2023
جسمانی وزن میں اضافہ تو کسی بھی فرد کو پسند نہیں ہوتا بالخصوص اگر پیٹ باہر نکلنا شروع ہوجائے۔
جسمانی وزن میں کمی کے لیے لوگ ڈائٹنگ کرتے ہیں، ورزشوں کے پروگرام کا حصہ بنتے ہیں یا ایسے ہی دیگر طریقوں کو اپناتے ہیں۔
مگر ایک ایسا طریقہ بھی موجود ہے جس سے جسمانی وزن میں کمی لانا ممکن ہے اور کچھ خاص کرنا بھی نہیں پڑتا۔
اور وہ ہے مناسب وقت تک نیند جس سے غذا اور ورزش کے معمولات زیادہ مؤثر ہو جاتے ہیں۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
پٹسبرگ یونیورسٹی کی اس تحقیق میں ایسے 125 بالغ افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کا جسمانی وزن کافی زیادہ تھا یا وہ موٹاپے کے شکار تھے۔
ان افراد کو جسمانی وزن میں کمی کے ایک سالہ پروگرام کا حصہ بنایا گیا اور یہ دیکھا گیا کہ نیند کے دورانیے سے غذا اور ورزش کے معمول کو برقرار رکھنے میں کس حد تک مدد ملی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ زیادہ وقت تک سونے والے افراد کو غذائی کیلوریز کو محدود کرنے میں مدد ملی جبکہ وہ ورزش کو بھی اپنے معمول کا حصہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔
محققین کو پہلے سے توقع تھی کہ نیند سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملے گی مگر وہ اتنا زبردست اثر دیکھ کر حیران رہ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ اچھی نیند سے طرز زندگی کو صحت کے لیے مفید بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
اس تحقیق میں یہ جائزہ نہیں لیا گیا تھا کہ نیند کے دورانیے کو بہتر بنانے سے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں تو اب اس حوالے سے مزید تحقیق کی جائے گی۔
محققین کے مطابق یہ دیکھنا ہوگا کہ نیند کے دورانیے کو بڑھانے سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں کتنی مدد ملتی ہے۔
اس سے قبل ان محققین کی ایک پرانی تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ اچھی نیند سے زیادہ جسمانی چربی گھلانے میں مدد ملتی ہے۔
تحقیق کے مطابق مناسب وقت تک سونے سے بھوک کو کنٹرول کرنے آسان اور بے وقت کچھ کھانے کی عادت سے بچنا ممکن ہو جاتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے سالانہ اجلاس کے موقع پر پیش کیے گئے۔