03 مارچ ، 2023
کیا آپ اپنے جسمانی وزن میں اضافے کی وجہ سے پریشان ہیں اور اس میں کمی لانے کی کوششیں ناکام ہو رہی ہیں؟
تو اس کی وجہ آپ کی اپنی ایک عام عادت ہوسکتی ہے۔
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی اور کینیڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ میٹھے مشروبات جیسے سوڈا پینے کے نتیجے میں جسمانی وزن میں اضافہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں گزشتہ دہائی کے دوران ہونے والی درجنوں تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ میٹھے مشروبات کے استعمال اور موٹاپے کے درمیان تعلق موجود ہے۔
خیال رہے کہ جسمانی وزن میں اضافے اور موٹاپے سے ذیابیطس، امراض قلب، کینسر اور دیگر امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق میٹھے مشروبات کے استعمال، جسمانی وزن میں اضافے اور دائمی امراض کے درمیان تعلق ثابت ہوتا ہے۔
محققین نے مجموعی طور پر 85 تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی تھی جن میں 5 لاکھ سے زیادہ افراد کو شامل کیا گیا تھا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ ایک اضافی سوڈا پینے سے جسمانی وزن میں اضافہ ہوتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ جتنی زیادہ مقدار میں میٹھے مشروبات کا استعمال کیا جائے، جسمانی وزن میں اتنا زیادہ اضافہ ہوگا۔
درحقیقت انہوں نے بتایا کہ روزانہ صرف ایک سوڈا پینے سے ایک سال میں جسمانی وزن میں آدھا کلو کے قریب اضافہ ہو جاتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ بظاہر یہ کوئی خاص اضافہ محسوس نہیں ہوتا مگر بتدریج یہ بہت زیادہ ہو جاتا ہے، تو بہتر یہ ہے کہ میٹھے مشروبات کا استعمال کم از کم کیا جائے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ موجودہ عہد میں میٹھے مشروبات کا استعمال اب بہت زیادہ ہوتا ہے اور ان مشروبات میں چینی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں موٹاپے کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔
تحقیق کے مطابق ان مشروبات میں موجود چینی سے بلڈ شوگر کی سطح بڑھتی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ انسولین کی مزاحمت اور ذیابیطس جیسے مسائل سامنے آتے ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔